اسٹریٹ کرائمز بے قابو، شہری عدم تحفظ کا شکار، شاہد فراز
روزانہ ڈکیتی، لوٹ مار اور فائرنگ کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہیں پولیس کی کارکردگی کا شفاف احتساب کیا جائے ،صحافیوں کے وفدسے گفتگو
کراچی (این این آئی)مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی پریس کلب سے آئے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ ا سٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ایک سنگین اور تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہیں،اخباری رپورٹس، پولیس ریکارڈ اور فلاحی اداروں خصوصا چھیپا، ایدھی اور دیگر ایمبولینس سروسز کے اعداد و شمار اس بات کی واضح تصدیق کرتے ہیں کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی، لوٹ مار اور مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات ہو رہے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں،ا سٹریٹ کرائمز نے عوام غیر محفوظ اور یقینی میں مبتلا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں موبائل فون اور موٹر سائیکل چھیننے کے دوران شہریوں کو گولی مار دینا معمول بنتا جا رہا ہے جبکہ پولیس ریکارڈ میں ہزاروں مقدمات کے باوجود ملزمان کی گرفتاری اور سزاؤں کی شرح نہایت کم ہے ۔ دوسری جانب فلاحی ایمبولینس ادارے اس امر کی گواہی دیتے ہیں کہ اکثر شہری موقع پر یا اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ دیتے ہیں،افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمران طبقہ بھاری سیکیورٹی میں رہتے ہوئے عام شہری کے درد اور خوف سے لاتعلق نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ مطالبہ کرتی ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں،پولیس کی کارکردگی کا شفاف احتساب کیا جائے ، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح بنایا جائے ۔