پاسبان کاہیوی ٹریفک کی بے لگام نقل و حرکت کیخلاف احتجاج

پاسبان کاہیوی ٹریفک کی بے لگام نقل و حرکت کیخلاف احتجاج

ڈمپر مافیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے ، عابد رئیس کے قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ رش کے اوقات میں ہیوی ٹریفک پر پابندی عائد کی جائے ، صدر عبدالحاکم قائد

کراچی (این این آئی )پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کی جانب سے طالبعلم عابد رئیس کے قاتل ڈمپر ڈرائیور کی گرفتاری اور شہر میں ہیوی ٹریفک کی بے لگام نقل و حرکت کے خلاف یوپی موڑ، نارتھ کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور قاتل ڈمپر مافیا، سندھ انتظامیہ کی نااہلی اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ میں ناکامی کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے ۔ مظاہرے کی قیادت پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے کی ۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ رش کے اوقات میں ٹینکرز، ڈمپرز اور ٹرالروں کی شہر میں آمد و رفت فوری طور پر بند کی جائے۔

عبدالحاکم قائد نے کہا کہ سرجانی سے ناگن تک اب تک 25سے زائد نوجوان، بہنیں اور معصوم شہری ڈمپرز کے نیچے کچلے جا چکے ہیں، مگر سندھ انتظامیہ کہیں نظر نہیں آتی۔ قاتل ڈمپر اور ٹینکر دندناتے پھر رہے ہیں اور ڈرائیور کھلے عام گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عابد رئیس کے قتل میں ملوث ڈمپر ڈرائیور کو آزاد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے ، ٹینکر ڈرائیور قاتل کو فوری گرفتار کیا جائے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک قاتل کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اور ہیوی ٹریفک کو لگام نہیں دی جاتی، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں