پانچ روزہ عالمی کتب میلے کا کل سے آغازہوگا

پانچ روزہ عالمی کتب میلے کا کل سے آغازہوگا

ایکسپو سینٹر میں منعقدہ میلے میں 17ممالک کے پبلشرز شریک ہورہے ہیں افتتاح سردار شاہ کریں گے ،، مصر کی جامعۃ الاظہر کے 6اسٹالز بھی ہوں گے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایکسپو سینٹر کراچی میں پانچ روزہ عالمی کتب میلہ جمعرات (کل)سے شروع ہوگا۔چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کامران نورانی و دیگر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 5 روزہ کتب میلہ 18 دسمبر سے 22 دسمبر تک ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گا جس میں 17 ممالک کے پبلشرز شریک ہورہے ہیں۔کنوینر وقار متین نے بتایا کہ کتب میلہ ایکسپو سینٹر کراچی کے ہال 1، 2 اور 3 میں ہوگا جس میں 315 بک سیلرز اینڈ پبلشرز کے اسٹال لگائے جارہے ہیں، مصر کی جامعۃ الاظہر کے 6 اسٹالز بھی موجود ہونگے ، کتب میلے کا افتتاح وزیر تعلیم سردار شاہ کریں گے۔

مہمان خصوصی معروف نقاد انور مقصود ہونگے ، چیئرمین آرٹس کونسل احمد شاہ کا کلیدی خطاب ہوگا۔ کتب میلے میں کئی بک سیلرز 100 کے قریب کتابوں کی ڈیجیٹل لانچنگ بھی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ عالمی کتب میلہ ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں علم، تحقیق اور فکری تبادلے کا ایک بڑا مرکز بننے جا رہا ہے ۔اس سال کتب میلے میں 325 سے زائد اسٹالز لگائے جائیں گے اور اندازہ ہے کہ 5 لاکھ سے زائد شائقینِ کتب اس علمی و ادبی جشن میں شرکت کریں گے ۔ کنوینر وقار متین خان نے بتایا کہ ترکیہ، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت کئی دیگر ممالک کے پبلشرز کی شرکت نے کراچی ورلڈ بک فیئر کو پاکستان کا سب سے بڑا اور باوقار ادبی ایونٹ بنا دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں