جام نواز علی میں ڈاکو، روہڑی سے متعدد جواری گرفتار
روپوش غلام قادر کو ساتھی سمیت رات گئے مقابلے کے بعد حراست میں لیا گیاعوامی شکایات پر ایس ایس پی سکھر نے مسان روڈ قبرستان سے جواری پکڑے
جام نواز علی، روہڑی (نمائندگان دنیا)جام نواز علی میں ڈاکو جبکہ روہڑی سے متعدد جواری گرفتار کرلئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق جام نواز علی میں نواں آباد پولیس اسٹیشن کی حدود سے روپوش ڈاکو غلام قادر عرف بھٹو خاصخیلی کو ساتھی سمیت نوآباد کے قریب رات گئے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ ملزم نے اپنے چار ساتھیوں کے ہمراہ دیہہ 53 میں واردات کی نیت سے ایک گھر کا گھیراؤ کیا ہوا تھا، جس کے باعث علاقے میں شدید فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ گاؤں والوں اور پولیس نے مل کر ملزمان کا گھیرا تنگ کیا جس کے بعد دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ساتھی فرار ہو گئے۔ ادھر روہڑی کے مسان روڈ قبرستان میں جوا کی عوامی شکایات پر ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل نے چھاپہ مار کر متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے ، پولیس کی جانب سے کارروائی پر علاقہ مکینوں اور شہریوں کی جانب سے ایس ایس پی اظہر خان مغل اور پولیس سے اظہار تشکر کیا گیا، دوسری جانب ایس ایس پی اظہر خان مغل کا کہنا تھا کہ جوار یوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ضلع میں منشیات اور دیگر سماجی برائیاں برادشت نہیں، سماجی برائیوں کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔