نوابشاہ:آصفہ بھٹو کی گرلز کیڈٹ کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت

نوابشاہ:آصفہ بھٹو کی گرلز کیڈٹ کالج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت

نئے تعمیر جمنازیم، سوئمنگ پول، ایگزی بیشن کا افتتاح، گارڈ آف آنر کا معائنہ کیاادارہ بااعتماد، عالمی معیار پر پورا اترنے والے نوجوان قائدین تیار کر رہا ہے ، خطاب

نوابشاہ (نمائندہ دنیا)خاتون اول و رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے جمعے کی صبح بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز کی پانچویں سالانہ پاسنگ آؤٹ پریڈ اور سالانہ یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کیڈٹ کالج میں نئے تعمیر جمنازیم اور سوئمنگ پول کا افتتاح کیا، شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور آرٹ اینڈ سائنس ایگزی بیشن 2025-26 کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس کے بعد انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر خطاب میں انہوں نے کالج کی تاریخی حیثیت پر روشنی ڈالی، جو پاکستان کے پہلے گرلز کیڈٹ کالج کے طور پر نوجوان بچیوں کو تعلیم، نظم و ضبط اور قیادت کی تربیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے قائم کیا گیا۔ انہوں نے کیڈٹس کی محنت، فیکلٹی کی رہنمائی اور حکومتِ سندھ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان مشترکہ کوششوں نے بختاور کیڈٹ کالج کو ایک ایسا ادارہ بنا دیا ہے جو بااعتماد، بااخلاق اور عالمی معیار پر پورا اترنے والے نوجوان قائدین تیار کر رہا ہے ۔ انہوں نے محترمہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مثالیں پیش کیں اور اس امر پر زور دیا کہ بچیوں کی تعلیم اور قیادت پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہے ۔ انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ نظم و ضبط، احترام اور حوصلے جیسی اقدار کو اپنی زندگی کے ہر شعبے میں اپنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں