فسطائیت، آمریت کیخلاف احتجاج کرنا ہر شہری کا حق، باقر عباس

فسطائیت، آمریت کیخلاف احتجاج کرنا ہر شہری کا حق، باقر عباس

ریاستی طاقت کے ذریعے دبانا ن لیگ کی سیاست کا پرانا اور شرمناک وطیرہ قیادت کو معمولی آنچ آئی تو ذمہ داری حکومت پر ہوگی ،رہنما وحدت مسلمین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین مرکزی رہنما رکن شوریٰ عالی علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ حکومت کی فسطائیت، جبر اور کھلی آمریت کے خلاف احتجاج کرنا ہر شہری کا آئینی، قانونی اور انسانی حق ہے ، ن لیگ کی حکومت اور ان کے ہینڈلرز نے ہمیشہ اس حق کو طاقت، جبر اور ریاستی ہتھکنڈوں کے ذریعے کچلنے کی روش اپنائے رکھی ہے ۔ پرامن احتجاج کو برداشت کرنے کے بجائے اسے ریاستی طاقت کے ذریعے دبانا ن لیگ کی سیاست کا پرانا اور شرمناک وطیرہ ہے ۔ماڈل ٹاؤن سے لے کر مریدکے تک، تاریخ گواہ ہے کہ ہر سانحے میں عام شہریوں پر ظلم و جبر کے پیچھے ن لیگ کی حکومت ہی کھڑی نظر آتی ہے ۔کل اڈیالہ جیل کے باہر جو کچھ ہوا وہ ریاستی بربریت کی ایک اور واضح مثال ہے ، جہاں پرامن مظاہرین پر واٹر کینن کے ذریعے زہریلا اور کیمیائی مادوں سے آلودہ پانی پھینکا گیا۔ اس غیر انسانی کارروائی میں بزرگ عالمِ دین، سربراہ مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہنوں سمیت متعدد خواتین اور شہری اس مضر صحت پانی سے متاثر ہوئے ،ہم اس وحشیانہ، غیر انسانی اور غیر آئینی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں اور حکومتِ وقت اور ان کے ہینڈلرز کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہیں کہ اگر ہماری قیادت کو معمولی آنچ بھی آئی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں