کراچی بار انتخابات،دہری رکنیت پرنام کے اخراج کافیصلہ
سالانہ انتخابات 23 دسمبر کو کرانے کا اعلان ،الیکشن کمشنرز کی تقرری کا نوٹیفکیشن الیکشن کمشنرز آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے ذمہ دار ہوں گے ،اعلامیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی بار ایسوسی ایشن نے سالانہ انتخابات 23 دسمبر کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمشنرز کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق جنرل باڈی کا اجلاس 18 دسمبر کو جناح آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں بار کے اراکین، امیدواران اور کابینہ کے اراکین شریک ہوئے ۔ 20 دسمبر 2025 کو منیجنگ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صدر امیر نواز وڑائچ، نائب صدر کاظم حسین مہیسر، جنرل سیکریٹری محمد غلام رحمان کورائی، جوائنٹ سیکریٹری عمران عزیز، خزانچی حسیب پنہوار، لائبریرین ریاض احمد سبزوئی اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین ذاکر علی بلوچ، اسحاق احمد برڑو، شیراز حسین شر، امجد علی شبرانی، الٰہی بخش لاکھو، وقار حسین چیمہ، مریم بی بی، اللہ ودھایو نریجو اور نصیر احمد پنہور شریک ہوئے ، جبکہ عارفہ پیرزادہ، علی حسنین سرگانا اور مزمل قریشی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق منیجنگ کمیٹی نے اکثریتی رائے سے اور وقار حسین چیمہ کے اختلافی نوٹ کے ساتھ فیصلہ کیا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 23 دسمبر 2025 کو منعقد کیے جائیں گے ۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ اکثریتی فیصلے کے تحت الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے زیرِ غور آنے والے ناموں میں سے حق نواز تالپور، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کی عدم دستیابی کی صورت میں بیرسٹر ذوالفقار علی خان جلبانی الیکشن کمشنر ہوں گے ۔ الیکشن کمشنرز انتخابات کے آزاد، منصفانہ اور شفاف انعقاد کے ذمہ دار ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ووٹر لسٹ سے دوہری رکنیت رکھنے والے اراکین کے نام خارج کیے جائیں گے ۔