نوشہرو فیروز:سوشل ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس، ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ
پی پی ایل، اوجی ڈی سی کے نمائندوں، چیئرمین ضلع کونسل کی جانب سے بریفنگاسکیمیں متعلقہ علاقوں کے عوام کی رائے کی بنیاد پرتیار کرینگے ، ایم این اے ابرار شاہ
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سوشل ویلفیئر کمیٹی نوشہرو فیروز سید ابرار حسین شاہ کی زیر صدارت ضلع میں تیل و گیس نکالنے والی کمپنیوں (پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی) کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود اور ضلعی ترقی کے لیے فراہم فنڈز سے ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اجلاس ہوا،جس میں کمیٹی کے سیکریٹری و ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، پی پی ایل کراچی کے نمائندے محمد اکرم، او جی ڈی سی ایل سکھر کے سید ذوالفقار علی شاہ، چیئرمین ضلع کونسل سہیل اختر عباسی ودیگر نے شرکت کی، اجلاس میں ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد ارسلان سلیم نے بتایا کہ رانی پور بلاک کے لیے 42 لاکھ، سیوہن بلاک کے لیے 22 لاکھ اور مرادی بلاک کے لیے 3 لاکھ روپے رکھے ہیں۔ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ علاقے کی بہتری کے لیے ترقیاتی اسکیمیں متعلقہ علاقوں کے عوام کی رائے کی بنیاد پر تیار کی جائیں گی اور متعلقہ بلاکس کے اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسلوں کے چیئرمین اور ممبران ایک ہفتے کے اندر ایسی اسکیموں کو حتمی شکل دیں جو اپنے علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر سکیں، تاکہ انہیں سوشل ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔