سہراب گوٹھ گنا منڈی سے ملنے والی چار لاشوں کا معمہ حل نہ ہوسکا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سہراب گوٹھ گنا منڈی سے ایک ہفتے قبل ملنے والی چار لاشوں کا معمہ برقرارہے جبکہ پولیس کو پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ کا انتظارہے ۔خاتون کے شوہر اور ایک بیٹے کو رہا کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کا تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، دفعہ 174 کے تحت کیس کی تفتیش جاری ہے ، پولیس حکام کے مطابق اب تک کی تفتیش کے مطابق خاتون نے پہلے بچوں کو پھندا لگایا اور پھر خود بھی خودکشی کرلی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معاملہ مزید حل ہوسکے گا،جائے وقوعہ سے ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جس سے قتل کا شبہ جاتا ہوں، تفتیش کے دوران بچوں کا والد اور بھائی بھی مشکوک نہیں لگے ، لاشیں بھی ضابطے کی کاروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی، گزشتہ اتوار کو گھر سے تین بچوں اور ایک خاتون کی پھندا لگی لاشیں ملی تھیں۔ واقعے کے وقت خاتون کا شوہر اور ایک بیٹا کام کے سلسلے میں سبزی منڈی گئے ہوئے تھے ۔