جعفریہ الائنس کے تحت جشن ولادت مولود کعبہ منایاگیا

جعفریہ الائنس کے تحت جشن ولادت مولود کعبہ منایاگیا

جشن میں علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عاشقانِ اہلِ بیتؑ کی بھرپورشرکت نوجوان نسل کو سیرت علیؓ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،مقررین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جعفریہ الائنس پاکستان کے تحت نشتر پارک میں مولودِ کعبہ حضرت علی ؓکے یومِ ولادت کے موقع پر مرکزی جشنِ ولادتِ مولودِ کعبہ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ جشن میں علماء کرام، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عاشقانِ اہلِ بیتؑ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حضرت علی ؓ عالمِ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اگر آج عالمِ اسلام حضرت علیؑ کی علمی، فکری اور عملی تعلیمات کو اپنا لے تو امت مسلمہ ترقی اور سربلندی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہے ۔سرپرست جعفریہ الائنس پاکستان علامہ سید رضی جعفر نقوی نے خطاب میں کہا کہ حضرت علی علیہ السلام صرف کسی ایک فرقے یا طبقے کے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں۔ علامہ رضی جعفر نقوی نے زور دیا کہ آج کے پُرفتن دور میں امتِ مسلمہ کو فرقہ واریت، نفرت اور تعصب سے نکل کر حضرت علیؓ کے اسوۂ عدل و وحدت کو اپنانا ہوگا۔ حضرت علیؓ کا طرزِ حکمرانی آج کے حکمرانوں کے لیے بہترین مثال ہے جہاں کمزور کو طاقتور کے برابر انصاف ملتا تھا۔ جشن سے صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ، وقار مہدی، علامہ باقر حسین زیدی اور معروف عالمِ دین مولانا اصغر درس، سید شبر رضا، علامہ نثار قلندری نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ نوجوان نسل کو سیرت علیؓ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں