ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے یومِ تاسیس کی تقریب
ہمیں صفوں میں اتحاد اورخدمت خلق کاجذبہ برقرار رکھنا ہے ،فاروق ستارایم کیو ایم کا ہر کارکن ڈسپلے آئٹم ،سوشل میڈیا کا منفی استعمال نہ کریں ،شبیرقائم خانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں میڈیکل ایڈ کمیٹی کے یومِ تاسیس اور نئے سال کے کیلنڈر و پوسٹر کے اجراء کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیکل ایڈ کمیٹی کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہیہ شعبہ تحریک کا وہ مضبوط بازو ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں بلا رنگ و نسل عوام کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاہے ہسپتالوں میں بلڈ کیمپس ہوں یا کسی ناگہانی آفت میں امدادی سرگرمیاں، کارکنوں کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے زور دیا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے خدمتِ خلق کے جذبے کو ہر صورت برقرار رکھنا ہے کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں عوام کے دلوں تک لے جاتا ہے ۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اور مرکزی رہنما شبیر قائم خانی نے کارکنان کہا کہ ایم کیو ایم کا ہر کارکن پارٹی کا سفیر اور ’’ڈسپلے آئٹم‘‘ ہے ، لہٰذا اپنے کردار اور اخلاق کو بلند رکھیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے پرہیز کریں۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے خصوصی کیلنڈر اور پوسٹر کا باقاعدہ اجراء کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نگہت شکیل، مرکزی رہنما زاہد منصور، سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین بھی موجودتھے ۔