بلوچستان اورسندھ کے دکھ یکساں ہیں ،عبدالمجید بادینی
دونوں صوبے قدرتی وسائل سے مالامال مگرعوام غربت وافلاس کی تصویر بن گئے نظام اورقیادت کی تبدیلی سے ہی بہتری ممکن ،نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر وجعفرآباد سے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی نے کہا ہے کہ بلوستان اورسندھ کے دکھ ایک جیسے ہیں ۔دونوں صوبے قدرتی وسائل سے مالامال مگرعوام محرومیوں غربت وافلاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔بلوچستان کے عوام غیرت مند اورمحب وطن ہیں۔حالات کی تبدیلی اوراپنے حقوق کے لیے عوام کو بیدار ہونا پڑے گا،گلے سڑے نظام اورقیادت کی تبدیلی سے ہی بہتری آسکتی ہے ۔ہرطرف ظلم ونانصافی کادور دورہ ہے یہی وجہ ہے کہ بدل دو نظام کا نعرہ اب عوام کی دلوں کی آواز بن چکا ہے ۔وڈیرہ شاہی مادی وسائل اوروی آئی پی کلچر کوئی اہمیت نہیں رکھتے حق کے غلبہ کے لیے محنت اور ہرقربانی کے جذبہ کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل جماعت اسلامی سندھ کے دورے کے موقع پر کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی امانت دیانت وخدمت کا نام ہے ۔ہم کو جعفرآباد میں علاقے کے روایتی سیاستدانوں، سرداروں وجاگیرادروں کے مقابلے میں کامیابی صرف اللہ کی مدد اورعوام کی محبت کا نتیجہ ہے کیونکہ ہم اس ذمے داری کو اپنے آپ کو ہرووٹر کا خادم اورنوکرسمجھہ کرسرانجام دے رہے ہیں ہروقت اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں ۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری ،مرکزی آڈیٹر بشیر احمد بھی موجود تھے ۔