سردی کی لہر ، یخنی،کارن سوپ کی مانگ بڑھ گئی

سردی کی لہر ، یخنی،کارن سوپ کی مانگ بڑھ گئی

فرائی مچھلی کے ٹھیلوں پر عوام کا رش،ابلے انڈے بھی فروخت ہورہےشہریوں کی بڑی تعداد حلوہ جات کھاکر سرد موسم کا لطف اٹھارہی ہے

کراچی (بزنس ڈیسک)شہر قائدمیں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہری گرم کپڑوں میں ملبوس ہوگئے جب کہ فرائی مچھلی ،چکن کارن سوپ،یخنی اورمونگھ پھلی کے ٹھیلوں پر رش بھی بڑھ گیا۔تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں شدید سردی اور یخ بستہ ہواؤں نے ایسا اثر دکھایا کہ شہری گرم کپڑوں میں ملبوس ہوکر گھروں میں دبک کر بیٹھ گئے ، ہر گلی کی نکڑ پر چکن کارن سوپ اور یخنی کے ٹھیلوں پر رش لگا ہوا ہے ،لیاقت آباد،پی آئی بی کالونی،پٹیل پاڑہ، سندھی مسلم ،بہادرآباد ،گرومندر،جیکب لائن سمیت دیگر علاقوں میں شہری گرم مشروبات پینے میں مشغول رہتے ہیں، ابلے ہوئے انڈے بھی فروخت ہورہے ہیں، حسن اسکوائر،پی آئی بی کالونی ، برنس روڈ پر دور دراز علاقوں سے لوگ فرائی مچھلی کھانے کیلئے پہنچ رہے ہیں ،لنڈا بازار اوردیگر مارکیٹوں میں گرم ملبوسات کی خریداری میں بھی اضافہ ہوگیا ،جبکہ چائے ، یخنی اور کارن سوپ کے اسٹالوں پر بھی رات گئے تک لوگوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد حلوہ جات کھاکر بھی سرد موسم کا لطف اٹھارہی ہے ۔ اس کے علاوہ سردیوں کی سوغات گاجر کا حلوہ تو ہر حلوائی اور مٹھائی کی دکان پر دستیاب ہے ، سردیاں شروع ہونے سے قبل ہی خوانچہ فروشوں نے مونگ پھلی کے ٹھیلے لگانے شروع کر دیے تھے ۔ اس کے علاوہ سڑکوں اور گلیوں میں بیٹھنے والوں نے ہاتھ تاپنا بھی شروع کردیے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں