ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی 391تجاوزات کا خاتمہ
کارروائی کے دوران ضلع جنوبی میں 261اور شرقی میں 84تجاوزات کا صفایاڈپٹی کمشنرز مہم جاری رکھیں اور شہریوں کی تکلیف دور کریں ،کمشنر حسن نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر انسداد تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے جمعہ کو ضلع جنوبی اور شرقی میں روڈ سائڈ ہوٹلز اور دیگر تجاوزات کے خلاف مہم میں دو روز میں 391 روڈ سائڈ ہوٹلزاور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا ہے کمشنر کراچی آفس سے جاری ہینڈ آوٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی کی نگرانی میں صدر سب ڈویثرن اور آرام باغ سب ڈویثرن میں مجموعی طور پر 261 ہوٹلرز اور دکانیں سیل کی گئی ہیں جمعرات کو صدر میں 58 دکانیں اور ہوٹلز سیل کئے گئے جبکہ جمعہ کو 249 ہوٹل بیٹھک سمیت دکانیں سیل کی گئیں۔ جبکہ ضلع شرقی میں ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی کی نگرانی میں دو روز میں 84 روڈ سائڈ ہوٹلرز سمیت دکانیں سیل کیں، کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے اور شہریوں کے لئے تکلیف کا باعث بننے والی فٹ پاتھ اور سڑکوں پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو صدر میں کارروائی میں 227 دکانیں جبکہ14 روڈ سائڈ بیٹھک ہوٹلرز سیل کئے گئے ہیں جن علاقوں میں کاررائی کی گئی ان میں اکبر روڈ پریڈی اسٹریٹ، اشو سینٹر، موبائل مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پاکستان چوک، للی برج روڈ کلفٹن بلا ک دو للی برج اور نشتر روڈ شامل ہیں اور آرام باغ میں 17 روڈ سائڈ بیٹھک ہوٹلرز سیل کئے گئے ہیں اور 22 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔