شارع فیصل کی اسٹریٹ لائٹس سولر پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح
900ملین روپے سے مکمل ہونیوالے منصوبے کے تحت سولر پینلز لگانے والی کمپنی پانچ سال تک آپریشن اور وارنٹی کی ذمہ دار ہوگی 2026ء ترقیاتی کاموں کا سال ہے ، الیکشن کے دوران عوام سے کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کیا جائیگا،میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ 2026ء ترقیاتی کاموں کا سال ہے اور الیکشن کے دوران عوام سے کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کیا جائے گا۔ کیماڑی ، اولڈ سٹی ایریا اور دیگر علاقوں میں عوامی فلاح کے منصوبے جاری ہیں، شاہراہ بھٹو، مرغی خانہ برج اور دیگر اہم منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ، جبکہ قیوم آباد سے کاٹھور تک شاہراہ بھٹو کو جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا،کراچی کی تین بڑی شاہراہوں کی اسٹریٹ لائٹس کو سولر سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے ، جن میں شارع فیصل اورشاہراہ ایران شامل ہیں۔ 900 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت سولر پینلز لگانے والی کمپنی پانچ سال تک آپریشن اور وارنٹی کی ذمہ دار ہوگی، جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً ڈھائی کروڑ روپے کے بجلی کے بلوں میں بچت ہوگی، ماضی میں کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ کے باعث اسٹریٹ لائٹس بند رہتی تھیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی پر ناکامی کے الزامات لگائے جاتے تھے ، تاہم اب عملی اقدامات کے ذریعے یہ مسئلہ حل کر دیا گیا ہے ،کانوکارپس نہ تو ماحول دوست ہے اور نہ ہی انفرااسٹرکچر کے لیے موزوں، اس کے باوجود اس درخت کے کاٹنے پر بلاوجہ ہنگامہ کیا جاتا ہے ۔
اصل ضرورت مقامی درخت لگانے کی ہے جو ماحول، زمین اور شہری صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے شارع فیصل کی اسٹریٹ لائٹس کو900 ملین روپے کی لاگت سے سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔میئر کراچی نے کہا کہ صرف پریس کانفرنسوں، احتجاج اور منفی سیاست سے مسائل حل نہیں ہوتے ، اگر پریس کانفرنسوں سے مسائل حل ہوتے تو شہر کے تمام مسائل کب کے ختم ہو چکے ہوتے ۔ جماعتِ اسلامی کو چاہیے کہ سازشوں اور منافقت کے بجائے عملی کام کا مقابلہ کرے ، ہر کوئی میئر اور وزیر بننا چاہتا ہے لیکن یہ ایک کانٹوں کا تاج ہے ، ہر کوئی عہدہ چاہتا ہے مگر اصل امتحان عوام کی خدمت ہے ، انہوں نے کہا کہ سازشیں کرنے سے نہ ماضی میں کچھ حاصل ہوا اور نہ مستقبل میں ہوگا، اصل راستہ صرف اور صرف خدمت، برداشت اور عملی کام ہے ، لڑائی جھگڑوں اور الزام تراشی سے نہیں بلکہ محنت اور خدمت سے ہی شہر آگے بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی باتوں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے ۔ پیپلز پارٹی کا وژن ہے کہ کراچی کے عوام کو بلا تفریق سہولیات فراہم کی جائیں اور بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھا جائے ۔