سینٹرل جیل حیدرآباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق
پولیس، رینجرز، ایف سی، ریسکیو ودیگر نے اپنی مہارت کا ڈیمو پیش کیا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالکریم عباسی کی سربراہی میں جیل کے اندر کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری کنٹرول کیلئے ایمرجنسی ڈیمو ریہرسل کرائی گئی، جس میں جیل پولیس کے افسران و اہلکار، سی آئی اے، ڈسٹرکٹ پولیس، رینجرز، ایف سی اور ریسکیو 1122 کے افسران و جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھر پور ڈیمو پیش کیا اور اس جذبے کا عزم کیا کہ ہم ملکر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور ملکی دفاع کیلئے ہمیشہ تیار ہیں، سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالکریم عباسی نے کہا جیل میں موجود قیدیوں کی اچھی تربیت کر کے ان کو معزز شہری بنانا ترجیح ہے، جس کیلئے انکو دین اور دنیا کی تعلیم، ہنر مند افراد کے لئے مختلف قسم کی منی فیکٹری لگا کر جیل کے اندر روزگار دینا ہماری ذمہ داری ہے، تاکہ یہ اپنی سزا پوری ہونے کے بعد جب باہر جائیں تو باعزت زندگی گزاریں۔