چار لاشوں کا معاملہ،ملزم عدالتی ریمانڈپرجیل منتقل
تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے مائی کلاچی کے مین ہول سے چار لاشیں ملنے سے متعلق کیس میں گرفتار ملزم مسرور حسین کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی ہے ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے مائی کلاچی کے مین ہول سے چار لاشیں ملنے سے متعلق کیس میں گرفتار ملزم مسرور حسین کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تفتیش افسر کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔ تفتیشی افسر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے ، ملزم بہت شاطر ہے اپنے ساتھیوں کے نام نہیں بتا رہا، ملزم سے مزید تفتیش باقی ہے استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے گرفتار ملزم مسرور حسین کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر مقدمہ کا چالان بھی طلب کرلیا ہے ۔پولیس کے مطابق تین جنوری کو خالی مین ہول سے چار لاشیں برآمد ہوئی تھیں، مقتولین میں انیلا، کشور زہرہ، حسنین اور ذوالقرنین شامل تھے ، ملزم کے خلاف تھانہ ڈاکس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔