شہید ملت روڈ پر پولیس مقابلہ،دو ڈاکو ہلاک، اسلحہ برآمد
مارے گئے ڈاکو31مقدمات میں مطلوب، موٹر سائیکلیں اور نقدی بھی ملیدوساتھی فرار ،تلاش جاری،عزیز آباد میں ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )فیروز آباد پولیس نے شہید ملت روڈ کے قریب مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ عزیز آباد پولیس نے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیروز آباد کے علاقے شہید ملت روڈ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں شدید زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دوران علاج ہلاک ہوگئے جبکہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 پستول ، گولیاں ، موبائل فونز ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ۔ ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر عدیل افضال نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے کسی شہری کو لوٹنے کی غرض سے روکا تھا کہ اس دوران پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی۔
اس موقع پرڈاکوؤں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی ،جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 2 موقع سے فرار ہوگئے ۔مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت ریاض ملتانی اور وقاص کے نام سے کی گئی۔ریاض ملتانی کے خلاف فریئر ، ڈیفنس ودیگر تھانوں میں ڈکیٹی اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے 22 مقدمات درج ہیں جب کہ وقاص کے خلاف فریئر ، صدر ، ابراہیم حیدری ، ایس آئی یو ، فیروز آباد اور بہادر آباد تھانے میں ڈکیتی اور غیرقانونی اسلحہ برآمدگی کے 9 مقدمات درج ہیں۔