32ارب کا ٹیکس ہدف،بڑے صنعتکار نشانے پر
حکومت کا بڑے صنعتکاروں کو بلیو پاسپورٹ دینے کا اعلان ، جلد عملدرآمد سے ریکوری میں کافی حد تک بہتری آئیگی چھوٹے صنعتکاروں کوبھی ٹیکس وصولی کیلئے وارننگ ،ڈپٹی کمشنر ایل ٹی اوفہیم خٹک کی روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو
ملتان (نعمان خان بابر سے )ایل ٹی او کا بتیس ارب روپے کا ٹیکس ہدف ، فرٹیلائزر، کاٹن، آئل ملز ، فیڈ ملز اور میپکو سمیت کئی محکمے نشانے پر ،مقررہ ہدف گزشتہ سال کی نسبت سولہ فیصد زیادہ، تاہم چار سو اسی صنعتوں میں سے صرف پچیس بڑی صنعتیں ، باقی چھوٹے یونٹ ہونے پر ٹیکس کولیکشن میں مسائل کا سامنا ہے ،ٹیکس کے حوالے سے شکایات پر ون ونڈو آپریشن شروع کر دیا گیا، شکایات نہ ہونے کے برابر ہیں، صنعت کار ٹیکس کولیکشن میں ایل ٹی او سے تعاون کریں تاکہ محکمہ مقررہ ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کر سکے جس سے حکومت کو بھی فلاحی منصوبوں کومکمل کر نے میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی کمشنر ایل ٹی او فہیم خٹک کی روزنامہ دنیا سے گفتگو ۔ تفصیل کے مطابق رواں سال حکومت نے ایل ٹی او کے لیے ٹیکس کا ہدف بتیس ارب روپے مقرر کیا ہے جبکہ سپر ٹیکس کا ہدف علیحدہ ہے جس کے لیے ایل ٹی او نے ٹیکس کے حصول کے لیے چار سو اسی چھوٹی بڑی صنعتوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ایل ٹی او فہیم خٹک نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ شہر میں گنتی کے بڑے صنعتی یونٹ ہیں جن کی جانب سے ٹیکس جمع کرانے کے حوالے سے مسائل آنے پر مقررہ ہدف کا حصول مشکل ہو جاتا ہے اسی لیے بڑے صنعتکاروں سے ٹیکس وصول کرنا ترجیح ہے جس کی وجہ سے ابتک تیس ارب روپے سے زائد کا ٹیکس جمع کر لیا ہے ،تاہم سپر ٹیکس کی مد میں بھی دو ارب روپے جمع کیے گئے ہیں ۔فہیم خٹک نے کہا کہ حکومت نے بڑے صنعتکاروں کو بلیو پاسپورٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے جس پر جلد عملدرآمد سے ریکوری میں کافی حد تک بہتری آئیگی تاہم چھوٹے صنعت کار بھی اعداد و شمار غلط جمع کرانے کی بجائے محکمے سے تعاون کریں بصورت دیگر متعلقہ صنعتوں کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔