جماعت اسلامی کا پھروزیر اعلیٰ،میئر سے استعفیٰ کا مطالبہ
جینے دو کراچی مارچ ساڑھے 3کروڑ عوام کے دل کی آواز ثابت ہوا،منعم ظفر وسائل پر صرف شہریوں کا حق، بااختیارحکومت کیلئے تحریک تیز کرنے کا عندیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جینے دو کراچی مارچ میں لاکھوں مرد وخواتین کی شرکت پر اہل کراچی سے بھر پور اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مارچ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے دل کی آواز اور ترجمان ثابت ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں سندھ حکومت اور قابض میئر کی مجرمانہ غفلت نے عوام کو شدید مایوس کیا ، سانحہ گل پلازہ میں قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے ضیاع پر وزیر اعلیٰ اور قابض میئر کواستعفیٰ دے دینا چاہیے ، جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل اور کراچی کے حق کیلئے مسلسل آواز بلند کر رہی ہے ، کامیاب اور بھر پورجینے دو کراچی مارچ کے بعد تحریک آگے بڑھے گی۔
14فروری کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیا جائے گا اور کراچی کے حق اور عوام کے مسائل کیلئے بااختیار شہری حکومت کے قیام کی جدو جہد مزید تیز ہوگی، کراچی کے عوام کو ان کا حق دینا ہوگا۔منعم ظفر خان نے کہا کہ جینے دو کراچی مارچ میں خواتین، بچے ، بزرگ، نوجوان، ڈاکٹرز، انجینئرز، علماء کرام، اساتذہ، طلبہ و طالبات، وکلاء، صحافی، تاجر اور مزدوروں نے یک زبان ہو کر مطالبہ کیا کہ کراچی کو با اختیار شہری حکومت کا نظام دیا جائے ۔ کراچی پر قبضے اور وڈیرہ شاہی کا نظام اب مزید نہیں چلے گا، کراچی کے وسائل پر صرف کراچی کے عوام کا ہی حق ہے اور اہل کراچی اپنے حقوق کیلئے کسی سمجھوتے کو قبول نہیں کریں گے ۔