اسرائیل غزہ میں انسانیت کا گلا گھونٹ رہا ہے ،ثروت قادری
امدادی سرگرمیوں پر پابندی لگا کر بدترین انسانی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے معصوم بچے خوراک ،مریض ادویات اور زخمی علاج کے بغیر تڑپ رہے ہیں
کراچی(این این آئی) چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امدادی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے اقدامات کو بدترین ریاستی دہشتگردی اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اوچھے ،غیر اخلاقی اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا راستہ روک رہا ہے ،جس کا واحد مقصد غزہ کے نہتے عوام کو بھوک،بیماری اور موت کے دہانے پر دھکیلنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ اس وقت ایک کھلی جیل بن چکا ہے۔
جہاں معصوم بچے خوراک کے بغیر،مریض ادویات کے بغیر اور زخمی علاج کے بغیر تڑپ رہے ہیں، مگر اسرائیل امداد کو بھی جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے ۔انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں پر شرائط عائد کرنا،اجازت ناموں کے نام پر رکاوٹیں کھڑی کرنا اور امدادی اداروں کو ناممکن فیصلوں پر مجبور کرنا دراصل غزہ میں اجتماعی سزا کا تسلسل ہے۔ثروت اعجاز قادری نے واضح کیا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے کسی قسم کی کوئی شرط لاگو نہیں ہوتی۔اقوام متحدہ کے چارٹر،جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق متاثرہ شہری آبادی تک بلا رکاوٹ امداد پہنچانا عالمی ذمہ داری ہے۔
مگر افسوس کہ اسرائیل ان تمام قوانین کو پامال کرتے ہوئے دنیا کو کھلا چیلنج دے رہا ہے ۔اقوام متحدہ،او آئی سی،یورپی یونین،عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں بیانات سے آگے بڑھیں اور اسرائیل کے خلاف عملی اقدامات کریں۔اگر آج بھی عالمی ادارے خاموش رہے تو یہ خاموشی تاریخ میں ایک بہت بڑا اخلاقی دیوالیہ پن ثابت ہوگی۔اسرائیل انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو بدنام کرنے اور انہیں دبا میں لا کر غزہ میں امدادی سرگرمیوں کو مکمل طور پر بند کرنا چاہتا ہے۔