سبزی منڈی میں فائر اسٹیشن کیلئے مختص جگہ پر قبضے کا انکشاف

 سبزی منڈی میں فائر اسٹیشن کیلئے مختص  جگہ پر قبضے کا انکشاف

تاجروں کا مختص 4800اسکوائر فٹ کی جگہ پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے بلاک اے ایف ون بناکر دکانیں بنانے کاالزام ناگہانی واقعہ کی صورت میں کاروبار کرنے والے اورہزاروں خریداروں کی زندگیاں دا ؤپر لگ گئیں،حکام سے نوٹس کا مطالبہ

کراچی (این این آئی)سپر ہائی وے پر قائم سبزی منڈی میں ماسٹر لے آؤٹ پلان میں فائر اسٹیشن کیلئے مختص جگہ پر قبضہ کرکے دکانیں بنا نے کا انکشاف ہوا ہے ،جس کے بعد آتشزدگی کے کسی بھی ناگہانی واقعہ کی صورت میں سبزی منڈی اور ہزاروں قیمتی جانیں داؤ پر لگ گئی ہیں۔ 14 فروری 2005 کو اس وقت کے سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں سبزی منڈی کے منظور کردہ ماسٹر لے آٹ پلان میں فائر اسٹیشن کیلئے 4800اسکوائر فٹ کی جگہ مختص کی گئی تھی، ایمر جنسی کیلئے سبزی منڈی میں ہمہ وقت ایک فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی موجود رہتی تھی،تاہم مارکیٹ کمیٹی کی مبینہ عدم دلچسپی، عدم تعاون اور سہولیات فراہم نہ کرنے کے باعث یہ سلسلہ جاری نہ رہ سکا۔

سبزی منڈی کا مجموعی رقبہ 94ایکڑ سے زائد ہے ،جہاں ماسٹر لے آؤٹ پلان کے مطابق 4135دکانوں کی جگہ نکالی گئی تھیں،تاہم سبزی منڈی میں ماسٹر لے آٹ پلان کے دھجیاں اڑا دی گئیں اور اس وقت سبزی منڈی میں 6500 سے زائد دکانیں موجود ہیں،اپریل 2007کو مارکیٹ کمیٹی نے سبزی منڈی کا نظر ثانی ماسٹر لے آٹ پلان جاری کیا تھا جو کہ مسترد کردیا گیا تھا۔ سبزی منڈی کے تاجروں نے الزام عائد کیا کہ فائر اسٹیشن کیلئے مختص 4800اسکوائر فٹ کی جگہ پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے بلاک اے ایف ون بناکر وہاں دکانیں نکال دی گئی ہیں اور اس عمل کے ذریعے سبزی منڈی،یہاں کام کرنے والے کاروباریوں اور آنے والے خریداروں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔

سبزی منڈی میں یومیہ ہزاروں افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے جبکہ یہاں کام کرنے والے افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے ،سبزی منڈی میں بڑی مقدار میں لکڑی اور بھوسہ موجود ہونے کے باعث آتشزدگی کے کسی بھی واقعہ کی صورت میں بھاری مالی و جانی نقصان کا خدشہ ہے ۔سانحہ گل پلازہ کے بعد چیف سیکریٹری کی ہدایت پر شہر بھر کی تمام سرکاری عمارتوں،جیلوں،بس ٹرمینلز اور دیگر عوامی مقامات پر فائر سیفٹی آڈٹ کو یقینی بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی 140ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،تاہم اس تمام عمل میں سبزی منڈی کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔سبزی منڈی کے تاجروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ماسٹر لے آٹ پلان میں فائر اسٹیشن کیلئے مختص جگہ پر قبضہ کا نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں