صدر کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی ، دھویں سے ایک شخص بیہوش ، 3 گاڑیاں متاثر

 صدر کی موبائل  مارکیٹ میں آتشزدگی ، دھویں سے ایک شخص بیہوش ، 3 گاڑیاں  متاثر

النجیبی موبائل مارکیٹ میں ایک گاڑی میں لگی جس نے ساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو لپیٹ میں لیا ، فائربریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے آگ بجھائی،وزیراعلیٰ نے کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ ریسکیو حکام نے عمارت سے تمام افراد کو باہر نکال لیا، جبکہ ایک شخص دھوئیں کے باعث بیہوش ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ ایک گاڑی میں لگی جس نے ساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو لپیٹ میں لیا تھا۔فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فائربریگیڈ کی 3 گاڑیوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی کی۔ ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے اسنارکل طلب کی گئی۔ آگ نے متعدد گاڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا تھا، آگ عمارت کے ساتویں فلور پر لگی، جہاں گاڑیوں کی پارکنگ ہے۔ ریسکیو ٹیم عمارت میں داخل ہوئی اور وہاں موجود تمام افراد کو باہر نکال لیا۔

ڈی ایس پی صدر لیاقت حیات کا کہنا ہے کہ النجیبی موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ مکمل بجھا دی گئی ہے ، آتش زدگی سے تین گاڑیاں متاثر ہوئیں، آگ لگنے کے بعد بلڈنگ میں موجود افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔اس سے قبل مارکیٹ میں آگ لگنے کے واقعے پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایات جاری کیں کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے صدر کی مارکیٹ میں لگی آگ سے متعلق کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفط حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں