منشیات مافیاز اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف موثر کارروائی کی ہدایت

منشیات مافیاز اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف موثر کارروائی کی ہدایت

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، رفتار برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت کی ضرورت ،اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی )سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت صوبے میں منشیات مافیاز اور غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف پولیس اقدامات سے متعلق جائزہ اجلاس سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، اسپیشل برانچ، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، اے آئی جیز آپریشنز و ایڈمن نے بالمشافہ شرکت کی، جبکہ زونل اور ڈویژنل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور انویسٹی گیشن ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے اے پلس کیٹیگری کے منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز، تعلیمی اداروں کے اطراف سرگرم منشیات فروشوں اور ان کے گٹھ جوڑ کے خلاف موصول ہونے والی معلومات اور پولیس اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی پولیس کی جانب سے اے پلس کیٹیگری کے منشیات و گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومتِ پاکستان کی پالیسی کے تحت مختلف مراحل میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کو ان کے متعلقہ آبائی ممالک واپس بھیجا جا چکا ہے ۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے منشیات مافیاز اور غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے خلاف پولیس اقدامات کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی بالکل واضح ہے اور اس پر کسی قسم کی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے منشیات اور گٹکا ماوا مافیاز کے خلاف مقدمات کے اندراج میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے ، تاہم اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے غیرقانونی طور پر مقیم اور واپس جانے والے غیرملکیوں کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق کے بعد اسے محفوظ بنانے اور تمام ضلعی افسران کو دفاتر اور فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں