سائٹ ایریا ،کیمیکل فیکٹری کے ویئر ہاؤس میں آتشزدگی
فائر ٹینڈرز اور دو باؤزرز کی مدد سے تین گھنٹے کے بعد آگ کو بجھا دیا گیاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا،وزیراعلیٰ کا وجوہات کی فوری تحقیقات کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا ولیکا چورنگی کے قریب قائم ویئر ہاؤس میں آگ لگ گئی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سندھ اور کے ایم سی کے فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔فائر برگیڈ حکام کے مطابق آگ کیمیکل اور سرف بنانے والی فیکٹری کے ویئر ہاؤس میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ویئر ہاؤس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم تین گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد مجموعی طور پر اٹھارہ فائر ٹینڈرز اور دو باؤزر کی مدد سے آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ڈی سی کیماڑی امیر فضل کے مطابق ابتدائی طور پر 16 افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، فیکٹری میں 250 کے قریب ورکرز کام کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لکڑی کے پائلٹ میں آگ لگی تھی، اطراف کی فیکٹریوں کو محفوظ بنایا گیا، ساڑھے دس بجے کے آس پاس آگ لگی تھی اور آگ فیکٹری کے ویئر ہاوس میں لگی تھی، آگ سے ویئر ہاوس کی ٹین کی چادروں سے چھت بھی گری۔واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات پر فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔