جیکب آباد:اسپرے نہ ہونے سے مچھروں کی یلغار، ملیریا پھیل گیا
بعض علاقوں میں جمع گندے پانی، ناقص صفائی سے مچھروں کی افزائش ہونے لگیکیسز بڑھنے سے اسپتالوں میں مریضوں کا رش، فوری اسپرے کرایا جائے ، شہری
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)جیکب آباد شہر میں مچھر مار اسپرے نہ ہونے کے باعث مچھروں کی بہتات نے شہریوں کا سکون چھین لیا ہے شہر کے مختلف علاقوں میں مچھروں کی بھرمار کے باعث عوام شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ ملیریا کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے ملیریا میں مبتلا ہوکر شہریوں کی بڑی تعداد اسپتالوں میں داخل ہوچکی ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت مچھروں کی تعداد اس قدر بڑھ جاتی ہے کہ لوگوں کا گھروں میں سکون سے بیٹھنا بھی مشکل ہو گیا ہے متعدد علاقوں میں گندے نالوں، کھڑے پانی اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ 25 فروری کو ڈپٹی کمشنر جیکب آباد شہزاد احمد ساہی کی زیر صدارت اجلاس میں ملیریا، ڈینگی اور دیگر مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں اینٹی ملیریا اسپرے اور دیگر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اجلاس کے باوجود اب تک شہر بھر میں کوئی مچھر مار اسپرے نہیں کیا گیا، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہر بھر میں اسپرے مہم شروع کی جائے اور صفائی کے موثر انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مچھروں کے عذاب اور بیماریوں سے بچایا جا سکے۔