کھیل نظم وضبط، اعتماد، قیادت جیسی خوبیاں پیدا کرتے ، جلال الدین
کھلاڑی مشکل حالات میں بہتر فیصلے کرنا سیکھتے ہیں،کمشنر میرپور خاص، خطابٹیپ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح، 4میچوں کے فیصلے ، رند، بلال مری الیونز فاتح
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)کمشنر جلال الدین مہر نے کہا ہے کہ کھیل کود نوجوانوں کی شخصیت سازی اور بہتر تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کھیل انسان میں اعتماد، قیادت اور مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے تعاون اور میرپورخاص پریس کلب کے زیر اہتمام شہید بینظیر بھٹو اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے ایم پی سی ٹی نائٹ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ سیزن 4 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا کمشنر نے مختلف اضلاع سے آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس مین شپ انسان میں نظم و ضبط، اعتماد اور قیادت جیسی خوبیاں پیدا کرتی ہے جبکہ کھیلوں کے دوران کھلاڑی مختلف مشکل حالات میں بہتر فیصلے کرنا سیکھتے ہیں، ڈویژن کی سطح پر اسپورٹس کمیٹی موجود ہے اور جلد اس کی میٹنگ بلا کر مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس اور سرگرمیوں کے انعقاد کا منصوبہ بنایا جائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب نذیر پہنور نے کہا کہ ہم صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور سیکریٹری محکمہ کھیل منور علی مہیسر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے سالانہ ایونٹ کو منعقد کرانے میں ہمارے ساتھ تعاون کیا،مہمان خصوصی نے گیند کو ہٹ لگاکر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔پہلے روز چار میچوں کے فیصلے ہوئے پہلے میچ میں رند الیون نے سندھ اسپورٹس کوٹری کی ٹیم کو شکست دی دوسرے میچ میں بلال مری الیون نے جذبہ اسپورٹس ٹنڈو آدم، تیسرے میچ میں بھی بلال مری الیون نے گالا اسپورٹس اور چوتھے میچ میں بھی بلال مری الیون نے رند الیون کو شکست دیکر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔