ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی

ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی

بے قابو ٹریلر بینک میں جا گھسا ،21 سالہ ڈرائیور موقع پرچل بسا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں بے لگام ٹینکرز، ٹریلرز سے حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے ۔ تازہ واقعات میں ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ بے قابو ٹریلر بینک میں جا گھسا جس کے نتیجے میں ڈرائیور چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر موڑ راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد عوام کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی اور ڈمپر کو روک لیا۔اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پاتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر ڈمپر سمیت تھانے منتقل کر دیا۔

ایدھی حکام کے مطابق جوہر موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 42 سالہ ثمرین کے نام سے کی گئی جسے فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا۔حادثے کے باعث راشد منہاس روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب نارتھ ناظم آباد کے علاقے کٹی پہاڑی کے قریب ایک تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہوکر نجی بینک کی عمارت میں جا گھسا جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ٹریلر کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا، جس کی شناخت 21 سالہ محمد احسان ولد ثنا اللہ کے نام سے ہوئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں