میرپور خاص بار:مٹھی اسپتال کے چیف میڈیکل افسر کی موت پرافسوس
کریم شیخ جیسے عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹر کی موت معاشرے کیلئے صدمہضلع میں غریبوں کے ساتھ پیشہ ورافراد کو بھی کردار کشی، بلیک میلنگ کا سامنا، اعلامیہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میرپورخاص نے مٹھی سول اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کریم شیخ کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شوکت علی راہموں اور جنرل سیکریٹری کانجی مل میگھواڑ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر کریم شیخ جیسے باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹر کی المناک موت نہ صرف طبی برادری بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضلع تھرپارکر میں حالیہ عرصے کے دوران خودکشی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اطلاعات کے مطابق ایک ہی سال میں تقریباً 200 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
بار ایسوسی ایشن کے مطابق اگرچہ ان واقعات کو اکثر غربت، قحط اور معاشی مشکلات سے جوڑا جاتا ہے ، تاہم ڈاکٹر کریم شیخ جیسے اعلیٰ سرکاری عہدیدار کی موت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پیشہ ور افراد کو بھی مختلف دباؤ، کردار کشی اور بلیک میلنگ جیسے مسائل کا سامنا ہے جو انہیں شدید ذہنی اذیت میں مبتلا کر رہے ہیں، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کسی حاضر سروس جج کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی عدالتی انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے ، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محض محکمانہ تحقیقات کافی نہیں ہوں گی۔