انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی

 انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی

اینٹی کرپشن عدالت کی آئندہ تاریخ پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ملزمان نے تیسر ٹاؤن میں سرکاری زمین کے کھاتوں میں رد و بدل کیا،پراسکیوشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اینٹی کرپشن عدالت میں تیسر ٹاؤن میں سرکاری زمین کے کھاتوں میں جعلسازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس میں عدالت نے انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیس کی انکوائری رپورٹ کہاں ہے ، جس پر افسر نے رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق کیس میں اسسٹنٹ کمشنر غلام حیدر چانڈیو، مختیارکار حسین، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹی یونس بلوچ سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں، جبکہ تپیدار عبدالحق شاہانی، کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر اور دیگر افراد بھی مقدمے میں شامل ہیں۔پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ ملزمان نے ملی بھگت سے تیسر ٹاؤن میں سرکاری زمین کے کھاتوں میں جعلسازی اور رد و بدل کیا، رشوت لے کر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کی۔ مزید بتایا گیا کہ ملزمان نے سوسائٹی کے نام پر پلاٹ فروخت کرکے کروڑوں روپے خرد برد کیے ۔ پراسیکیوشن کے مطابق اس سے قبل یہی کیس قومی احتساب بیورو میں زیرِ سماعت تھا تاہم نیب قوانین میں تبدیلی کے بعد ریفرنس اینٹی کرپشن سندھ کو منتقل کردیا گیا۔ عدالت نے مزید سماعت 8 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ تاریخ پر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں