عالمی مشاعرہ ہفتے کو ہوگا، انتظامات کا جائزہ اجلاس
پارکنگ ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ ،سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کا فیصلہعالمی مشاعرہ کے ذریعے بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج قائم ہو ا ہے ،کمشنر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ہفتے کو ایکسپو میں ہونے والے عالمی مشاعرہ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ ، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ ،ایڈیشنل کمشنر 2 اسداللہ کھوسو ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی ،سینئر پولیس افسران، ٹاؤن ایڈمنسٹریشن ایسٹ چیف فائر آفیسر کے ایم سی اور مختلف شہر ی اداروں اور ساکنان شہر قائد کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔
مشاعرہ کے منتظم اعلیٰ محمود احمد خان نے اجلاس کو مشاعرہ کے بارے میں بریفننگ دی انھوں نے کہا کہ مشاعرہ میں ملک اور بیرون ممالک کے ممتاز شعراء شرکت کر رہے ہیں جن میں افتخار عارف ڈاکٹر پیرزادہ قاسم انور شعور ،عباس تابش ،وصی شاہ شکیل جازب پیر زادہ سلمان جاوید صبا ،وجیہ ثانی ، ڈاکٹر رباب تبسم ، حمیرا گل تشنہ (امریکہ )،فائقہ صاحبزادہ (برطانیہ )، نورین سید (جرمنی )،ڈاکٹر نو ر آمروہی (امریکہ )،تابش زیدی(دبئی)اور دیگر شامل ہیں۔ کمشنر نے کہا ہے کہ عالمی مشاعرہ ایک اچھی روایت ہے اس سے ملک اور بیرون ملک کراچی کا مثبت چہرہ اجاگر ہوا ہے ، کراچی میں مشاعروں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے ، انتظامیہ عالمی مشاعرہ کی کامیابی کے لئے ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔