مہنگا پٹرول مسترد، لاک ڈاؤن پراعتماد میں لیا جائے ،محمود حامد

مہنگا پٹرول مسترد، لاک ڈاؤن پراعتماد میں لیا جائے ،محمود حامد

سستا تیل ملنے کے باوجود قیمت بڑھانا ظلم ، مہنگائی سے عید سیزن مایوس کن رہا ہر چیز آسمان سے باتیں کررہی،حکومت پرانا اضافہ بھی واپس لے ، اسمال ٹریڈرز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر 75 روپے فی لٹر اضافے کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔اسمال ٹریڈرز کی منیجنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا جاری رہنا بہت ضروری ہے لہذا لاک ڈاؤن کے اوقات کا جو بھی فیصلہ کیا جائے اسے کراچی چیمبراور تاجروں کی مشاورت کے ساتھ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی حکومت نے 55 روپے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر کے عوام پر کلسٹر بم گرادیا جس سے ملک میں مہنگائی کا عذاب نازل ہوگیا ہے ، اس ظالمانہ اضافے کے اثرات تمام ہی اشیاء پر پڑے ہیں اور موجودہ عید کا سیزن انتہائی مایوس کن رہا ہے۔

ٹرانسپورٹیشن باربرداری کے اخراجات میں کئی گنا اضافے کی وجہ سے بنیادی اشیاء سمیت ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہے ،ایسی صورت میں پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ سے انتہائی ہولناک نتائج برآمد ہوں گے ، تاجر اس اضافے کو قبول نہیں کرینگے ،حکومت کے پاس پہلے ہی 28 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ موجود تھا، اس کے باوجود حکومت نے اضافہ کیا ، اب تو حکومت ایران اور سعودی عرب سے سستا پٹرول حاصل کر چکی ہے ، پھر اضافے کا کیا سوال پیدا ہوتا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ جواضافہ کیا گیا ہے اسے بھی واپس لیا جائے ۔اسمال ٹریڈرز کے صدر نے مزید کہا کہ جنگی حالات کے سبب ہر شخص پریشان ہے ،ایسی صورت میں حکومتی اقدامات ایسے ہونے چاہیے جس سے عام آدمی پر منفی اثرات نہ پڑیں اور صنعت و تجارت کا پہیہ چلتا رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں