لوڈر ٹرک کی ٹکر سے رکشے میں سوار 2 نوجوان جاں بحق

لوڈر ٹرک کی ٹکر سے رکشے میں سوار 2 نوجوان جاں بحق

حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ،ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ، عمران گھر کا بڑا بیٹا اور سعد گھر کا واحد کفیل تھا،ماموں کا بیان کورنگی میں واٹرٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا،لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب گاڑی کی ٹکر سے بچہ چل بسا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر ناردرن بائی پاس کے قریب ٹرک کی رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں 25 سالہ عمران اور 26 سالہ سعد جاں بحق ہوگئے ۔ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر انیس احمد کے مطابق حادثہ لوڈر ٹرک کی رکشہ کو ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں رکشہ سوار اور ڈرائیور شامل ہیں ،تاہم حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرار ہوگا جبکہ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ عمران کے ماموں کے مطابق دونوں نوجوان منگھوپیر سے اورنگی ٹاؤن کی جانب آرہے تھے اس ہی دوران تیز رفتاری سے آنے والا ٹرک رکشے میں جاگھسا۔

ماموں کے مطابق عمران گھر کا بڑا بیٹا تھا اسکے 4 چھوٹے بہن بھائی ہیں جبکہ والد کی وفات کے بعد سعد بھی گھر کا واحد کفیل تھا۔دوسری جانب کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے کے دوران ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔جاں بحق کی شناخت بلال اور زخمی 15 سالہ ساجد ولد عابد کے نام سے کرلی گئی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کورنگی صنعتی ایریا ناصر محمود کے مطابق حادثہ چمڑا چورنگی سے گودام چورنگی جاتے ہوئے واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

زخمی نوجوان ساجد کے مطابق کورنگی شریف آباد سے قیوم آباد جاتے ہوئے ٹینکر ڈرائیور نے سائیڈ سے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا بلال نیچے گرا اور ٹینکر کے پچھلے ٹائروں کے نیچے آگیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ادھر لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب ٹریفک حادثے میں 12 سالہ محمود ولد رضوان چل بسا۔ایس ایچ او جمشید کوارٹر عرفان میو کا کہنا تھا کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ متوفی بچہ لیاری ایکسپریس وے فلمستان سنیما کے قریب پتنگ اڑا رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی کے سامنے آگیا۔ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ متوفی بچہ سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوا گاڑی کا ڈرائیور بھی اسپتال پہنچ گیا۔گاڑی کے ڈرائیورکا کہنا ہے کہ بچہ خود گاڑی کے سامنے آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں