میرپور خاص بورڈ، جعلی سرٹیفکیٹ اجرا، نتائج ردوبدل کی تصدیق

میرپور خاص بورڈ، جعلی سرٹیفکیٹ اجرا، نتائج ردوبدل کی تصدیق

چیئرمین کاثبوتوں کیساتھ اعلامیہ، 2ہزار 539جعلی امیدواروں کو اسناد فراہمطلبا وطالبات کے مارکس سرٹیفکیٹ میں غیر قانونی نمبر بڑھائے گئے ، علمدار رضا

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)تعلیمی بورڈ میرپورخاص کے چیئرمین کرنل (ر) ڈاکٹر سید محمد علمدار رضا نے 2 ہزار 539 جعلی امیدواروں کو تعلیمی اسناد جاری کیے جانے کی تصدیق کر دی، اس حوالے سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ 2021 سے 2025 کے دوران میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں بڑے پیمانے پر جعلسازی ہوئی، تحقیقات کے دوران پتہ چلاکہ تعلیمی بورڈ اور مختلف اسکولوں و کالجوں کے بعض ملازمین کی ملی بھگت سے سینکڑوں طلبہ و طالبات کے مارک سرٹیفکیٹس میں غیر قانونی طور پر نمبر بڑھائے گئے اور جعلی سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ، جعلی انرولمنٹ، رجسٹریشن اور دیگر ریکارڈ کے ذریعے طلبہ کو امتحانات میں شامل کروا کر من پسند نتائج حاصل کیے گئے۔

تعلیمی بورڈ کے مطابق سال 2021 میں میٹرک کی 128 اور انٹر کی 239 اسناد جاری کی گئیں، جبکہ 2022 میں میٹرک کی 284 اور انٹر کی 171، 2023 میں میٹرک کی 465 اور انٹر کی 534، 2024 میں میٹرک کی 190 اور انٹر کی 516، جبکہ 2025 میں میٹرک کی ایک اور انٹر کی 11 جعلی اسناد یا سرٹیفکیٹس جاری ہوئے بورڈ کے مطابق ان تمام اسناد جن میں سرٹیفکیٹس اور مارک شیٹس شامل ہیں کو منسوخ کر دیا گیا۔ بورڈ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے میں ملوث افسران، اہلکاروں یا ایجنٹس کی نشاندہی کریں تاکہ ان کیخلاف کارروائی ہو، جنہوں نے انکے مستقبل کو نقصان پہنچایا، اعلامیہ میں مختلف اداروں کو بھی آگاہ کیا گیا کہ ایسی جعلی اسناد کی بنیاد پر داخلوں یا دیگر مراعات پر نظرثانی کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں