سکھر:فراڈ کے ملزم عدالت سے فرار، پولیس تعاقب ناکام

سکھر:فراڈ کے ملزم عدالت سے فرار، پولیس تعاقب ناکام

زبیر، فرحان قریشی نے 1.4کروڑ کے 2کنٹینر چھوہارے لیکر جعلی چیک دیا تھابیوپاری کے عدالت سے رجوع کرنے پرملزمان کی پیشی، موقع ملتے ہی بھاگ نکلے

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کی معروف آغا قادر کھجور مارکیٹ میں ہونے والے بڑے مالی فراڈ کیس میں ملزمان عدالت پیش ہوئے ، تاہم موقع ملتے ہی فرار ہوگئے ۔ ونود کمار نامی بیوپاری کے ساتھ مبینہ طور پر ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کا دھوکہ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ ملزمان زبیر احمد اور فرحان قریشی نے ونود کمار سے دو کنٹینرز چھوہارے خریدے اور ادائیگی کے لیے حبیب میٹرو بینک کا جعلی چیک دیا۔ چیک کلیئر نہ ہونے پر جب متاثرہ بیوپاری کو دھوکہ دہی کا علم ہوا تو ملزمان فوری طور پر کراچی فرار ہو گئے ۔ واقعے کے بعد متاثرہ بیوپاری نے سکھر سول سیشن کورٹ سے رجوع کیا، جس پر عدالت نے بی سیکشن تھانے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں پولیس نے ملزمان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی۔ پیر کو کیس کی سماعت کے موقع پر ملزمان زبیر احمد اور فرحان قریشی سکھر سول کورٹ میں پیش ہوئے ، تاہم پیشی کے دوران اچانک موقع پاکر عدالت سے فرار ہو گئے ۔ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ان کا پیچھا کیا، مگر ملزمان فرار ہو گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ فرار میں سہولت فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب، تاجر برادری میں واقعے کے بعد شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں