واٹر کارپوریشن ،بلنگ میں ہیرا پھیری کا انکشاف

 واٹر کارپوریشن ،بلنگ میں ہیرا پھیری کا انکشاف

بعض اہلکار مالی فوائد کے عوض بلوں میں جان بوجھ کر کمی کر رہے تھے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے خصوصی ریکوری وینڈرز کی خدمات حاصل

کراچی(اسٹاف رپورٹر )چیف کمرشل افسر حارث سرفراز نے واٹر کارپوریشن کے شعبہ ریونیو جنریشن میں بدعنوانی کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔ تاہم کرپشن کرنے والے بااثر افسران کے خلاف واٹر کارپوریشن حکام کارروائی سے گریزاں ہیں ۔واٹر کارپوریشن کے مطابق ڈیجیٹل اور کمرشل نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات سے بلنگ میں ہیرا پھیری کا انکشاف ہوا ہے ۔ جس سے ادارے کی آمدنی میں 24 فیصد تک نمایاں کمی واقع ہوئی۔ ادارے نے مارچ 2026 سے خصوصی ریکوری وینڈرز کی خدمات حاصل کرلی ہیں تاکہ اندرونی تحقیقات میں سامنے آنے والی منظم بدعنوانی کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ واٹر کارپوریشن کے مطابق فروری 2026 میں ادارے کی مجموعی وصولیاں ایک ارب 99 کروڑ 20 لاکھ روپے رہیں۔

جو اکتوبر 2025 میں 2 ارب 60 کروڑ 90 لاکھ روپے کی بلند ترین سطح سے نمایاں کم ہیں۔ ادارے کے چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز نے انکشاف کیا کہ صنعتی اور بلک سیکٹر میں، جو ادارے کی 70 فیصد آمدنی کا ذریعہ ہیں، بعض اہلکار مالی فوائد کے عوض بلوں میں جان بوجھ کر کمی کر رہے تھے ۔واضح رہے کہ واٹر کارپوریشن میں طویل عرصے سے باقاعدہ اور منظم ریکوری نظام موجود نہیں تھا اور فیلڈ آپریشنز زیادہ تر بلوں کی ترسیل تک محدود تھے ۔ادارے نے واضح کیا ہے کہ ون لنک ڈیجیٹل نظام میں اگر کسی صارف کو نادہندہ ظاہر کیا گیا تو اس کے خلاف فوری طور پر کنکشن منقطع کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں