تاجروں کی فائر سیفٹی انتظامات کیلئے مہلت کی درخواست

تاجروں کی فائر سیفٹی انتظامات کیلئے مہلت کی درخواست

سخت کریک ڈاؤن پر تشویش،775 عمارتوں کا آڈٹ ، 100 کو نوٹسز سول ڈیفنس کی جانب سے عملے کی تربیت ، ہنگامی مشقیں تاحال نہ ہو سکیں

کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی )کمشنر کراچی کے احکامات پر شہر میں دو روز کے دوران تنبیہ کے باوجود فائر سیفٹی انتظامات نہ کرنے پر چار مارکٹیں سیل کردی گئیں ۔ انتظامیہ کے سخت اقدامات پر متاثرہ مارکیٹوں کے تاجروں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے اور فائر سیفٹی انتظامات مکمل کرنے کیلئے مہلت دینے کی درخواست کی جارہی ہے ۔ شہری انتظامیہ کے مطابق سانحہ گل پلازہ کے بعد 775 عمارتوں کا فائرآڈٹ کیا گیا جس میں سے 197عمارتوں میں جزوی اور 285 عمارتوں میں بڑی حد تک فائر سیفٹی انتظامات مکمل کئے گئے ۔ شہر بھر میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں فائر آڈٹ سروے کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں فائر سیفٹی آڈٹ کے تحت100 سے زائد کمرشل عمارتوں اور مارکیٹوں کو نوٹسز جاری کیے گیے ۔ ضلع جنوبی میں فائر سیفٹی انتظامات تنبیہ کرنے کے باوجود نہ کرنے پر 17 مارکیٹوں کے خلاف فائر سیفٹی آڈٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اعلی ٰحکام کے احکامات پر فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کیلئے کارروائی تیز کی جارہی ہے ۔ واضح رہے کہ شہر بھر میں سیکڑوں عمارتوں ، مارکیٹوں اور صنعتوں میں تاحال حکومتی متعین کردہ فائر سیفٹی قوانین کے تحت انتظامات مکمل نہیں کئے گئے ۔ سول ڈیفنس سے اسٹاف کی تربیت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے آزمائشی پریکٹس بھی نہیں کرائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں