عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیکریٹری اورڈی جی بورڈ آف انویسٹمنٹ طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کے افسر عبدالخالق پنہیار کو جبری مستعفی قرار دینے کے معاملے میں عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے ۔۔۔
برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر سیکریٹری اور ڈی جی بورڈ آف انویسٹمنٹ کو طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران ڈائریکٹر سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر ایک ہفتے کے اندر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ درخواست گزار کے وکیل جہانگیر کلہوڑو ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت پہلے ہی درخواست گزار کو عہدے پر بحال کرنے کا حکم دے چکی ہے ، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عبدالخالق پنہیار نے 1995 میں پاکستان ائر فورس میں شمولیت اختیار کی اور کارگل جنگ میں بھی حصہ لیا۔ بعد ازاں 2009 میں کمیشن کے ذریعے بورڈ آف انوسٹمنٹ میں ملازمت حاصل کی،2024 میں ادارے کے رویے سے دلبرداشتہ ہو کر درخواست گزار نے استعفیٰ دیا، تاہم منظوری سے قبل ہی استعفیٰ واپس لے لیا گیا تھا۔