میرپور خاص:بورڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی امتحانی بائیکاٹ کی دھمکی
شاہ عبداللطیف ڈگری کالج میں اجلاس، اساتذہ تنظیموں نے اپنے مطالبات پیش کئےبقایاجات ادا، ریٹس میں اضافہ، ٹی اے ڈی اے ، امتحانی اخراجات پیشگی دینے کا مطالبہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)بورڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا، اس سلسلے میں شاہ عبداللطیف ڈگری کالج میں سپلا، ایس پی ایس ایس اے اور گسٹا پر مشتمل بورڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں اساتذہ تنظیموں نے متفقہ طور پر کئی اہم فیصلے کیے ، شرکاء نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے روکے گئے سال 2019 سے 2025 تک کے تمام بقایا جات فوری ادا کیے جائیں اور صوبہ سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز کے مطابق میرپورخاص بورڈ کے ریٹس میں اضافہ کیا جائے جس میں ٹی اے اور ڈی اے بھی شامل ہوں۔
اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ دیگر بورڈز کی طرز پر میرپور خاص بورڈ کی جانب سے ویجیلنس ٹیم اور ایگزامی نیشن سینٹر کے اخراجات کے لیے پیشگی رقم فراہم کی جائے ۔ شرکاء نے چیئرمین بورڈ کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار ملاقات کا وقت مانگا گیا، لیکن وقت نہیں دیا گیا، اس کے علاوہ اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ امتحانی کاپیوں کی چیکنگ سینئر اساتذہ کے بجائے نان گزیٹیڈ اساتذہ سے کروائی جا رہی ہے جس سے طلبہ کے ساتھ ناانصافی کا خدشہ ہے ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو 21 اپریل 2026 سے شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔