ناظم آباد حادثہ، پولیس نے خراب سڑک کو وجہ قرار دیدیا
موٹرسائیکل بے قابو ہو کر گری، آئل ٹینکر کے نیچے آ کردو بہنیں چل بسیں خراب سڑک پرحادثات معمول ،عینی شاہدین ، لواحقین کا انصاف کا مطالبہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پولیس حکام نے ناظم آباد میں پیش آئے خوفناک ٹریفک حادثے کا ذمہ دار خراب سڑک کو قرار دے دیا۔ناظم آباد میں اپنے بھائی کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار دو بہنیں آئل ٹینکر کی زد میں آ کر ہلاک ہوئیں ۔پولیس کے مطابق سڑک خراب ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکل بے قابو ہو کر گری تو دونوں لڑکیاں آئل ٹینکر کے پچھلے ٹائروں میں آ کر ہلاک ہوئیں۔عینی شاہدین نے بھی حادثے کا ذمہ دار خراب سڑک کو قرار دیا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے پچھلے 3، 4 دنوں سے حادثات ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ہونے والے حادثے میں خراب روڈ کی وجہ سے موٹرسائیکل بے قابو ہو کر گری، بھائی ایک طرف گرا۔
جبکہ بہنیں آئل ٹینکر کے نیچے آ گئیں، ڈیڑھ سے دو مہینے ہوگئے یہ روڈ ٹوٹا ہوا ہے ۔اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے ، ان کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے ۔واضح رہے کہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، متعدد مقامات پر ترقیاتی کام کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے ۔لیاقت آباد ڈاک خانے سے تین ہٹی جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے کام تو شروع کیا گیا لیکن تاخیر کے باعث عوام کو پریشانی کا سامنا ہے ۔اسی طرح دیگر کئی سڑکیں خراب ہونے سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں۔