پارک اراضی سے 3ماہ میں تجاوزات ختم کرنے کاحکم

پارک اراضی سے 3ماہ میں تجاوزات ختم کرنے کاحکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے فیڈرل بی ایریا رحمان آباد میں پارک کی اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف درخواست پر تین ماہ میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

 سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پارک کی اراضی پر 2001 سے تجاوزات قائم ہیں اور متعلقہ حکام نے اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ وکیل نے مزید بتایا کہ میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی نے 2014 میں بھی تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ محکمہ کچی آبادی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رحمان آباد کچی آبادی کو 1999 میں نوٹیفائی کیا گیا تھا اور ایکٹ کے تحت اتھارٹی کو نیک نیتی میں کیے گئے اقدامات پر استثنیٰ حاصل ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سرکاری ریکارڈ کے مطابق مذکورہ رفاہی پلاٹ کھیل کے میدان یا پارک کے لیے مختص ہے اور ایسی اراضی پر تجاوزات غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے کے ایم سی کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے تین ماہ کے اندر تجاوزات ختم کی جائیں اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں