چھالیہ کے اسمگلروں کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید ،ملزمان گرفتار

چھالیہ کے اسمگلروں کی گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید ،ملزمان گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سائٹ سپر ہائی وے چھالیہ کے اسمگلروں کی گاڑی کی ٹکر پولیس اہلکار شہید ، فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دونوں اسمگلر گرفتار ، تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود گلشن معمار موڑ پر دوران اسنیپ چیکنگ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار عبدالمنان شہید ہوگیا۔

پولیس کے مطابق چھالیہ سے بھری مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور اہلکار کو ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی پہلے ایک جگہ ٹکرائی اور پھر اہلکار پر چڑھ دوڑی، بعد ازاں پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔شہید اہلکار عبدالمنان تین بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا۔بعدازاں شہید کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو سمیت اعلیٰ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اہلکار کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں