اندرون سندھ:حادثات وواقعات نے 4جانیں لے لیں
گھوٹکی میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے ایک ہلاک، محراب پور میں نوجوان کی خودکشیمٹیاری میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، جیکب آباد میں خسرے سے 2بچیاں جاں بحق
گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان) حادثات وواقعات نے 4جانیں لے لیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ گھوٹکی قومی شاہراہ پر تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والا تقریباً 40 سالہ نامعلوم شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ موٹر سائیکل سوار نہال اور زاہد حسین شر زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق شخص کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا۔ محراب پور میں گاؤں بھنگو بہن کے رہائشی نوجوان غلام مصطفی عرف پیار علی بھنگو نے بیروزگاری ،مالی وسائل اور گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق لاش ورثاء حوالے کر دی ہے۔ مٹیاری کے علاقے نیو سعیدآباد کے نواحی گاؤں علی محمد بروہی کی رہائشی کمسن تین سالہ بچی دوران علاج دم توڑ گئی، گزشتہ روز وزیرہ بروہی محلے کے کوڑے میں لگائی گئی آگ میں جل کر شدید زخمی ہوگئی تھی جسے تعلقہ اسپتال نیو سعیدآباد منتقل کیا گیا تھا لیکن بچی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا تھا، جو آج دوران علاج دم توڑ گئی اطلاع سنتے ہی بچی کے والدین غم سے نڈھال ہوگئے ماں پر غشی کے دورے پڑنے لگے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ادھر جیکب آباد میں خسرے کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی، مقامی صحافی کی کسمن بھتیجی معصومہ زہرا کراچی کے ایک نجی اسپتال میں دوران علاج انتقال کر گئی، جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں متعدد بچے خسرے میں مبتلا ہیں۔