حیدر آباد: 25روز قبل پسند کی شادی کرنیوالی خاتون اغوا

حیدر آباد: 25روز قبل پسند کی شادی کرنیوالی خاتون اغوا

صائمہ ساس کے ساتھ فوتگی پرشہداد پور گئی تھی، ورثا مبینہ اٹھا کرلے گئےشوہر پرویز کا اہل خانہ کے ساتھ احتجاج، حکام سے صائمہ کی بازیابی کا مطالبہ

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)25 دن قبل پسند کی شادی کرنے والی خاتون اغوا کرلی گئی، بدھ کے روز شہدادپور میں فوتگی پر ساس کے ساتھ جانے والی پسند کی شادی کرنے والی لڑکی صائمہ کو اس کے ورثا مبینہ طور پر اغوا کرکے لے گئے ۔ اس سلسلے میں پسند کی شادی کرنے والے پرویز جھیٹیال نے اپنے والد نورمحمد، والدہ ارباب خاتون اور دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔احتجاج کے بعد پرویز جھیٹیال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 11 اپریل 2026 کو کراچی کی رہائشی صائمہ دختر فوٹو سولنگی نے شہدادپور کی عدالت میں مرضی سے انکے ساتھ شادی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ 6 مئی 2026 بروز بدھ رشتہ داروں میں فوتگی ہونے پر ان کی والدہ ارباب خاتون، ان کی اہلیہ صائمہ اور دیگر گھر والے شہدادپور گئے تھے ، جہاں ان کی بیوی کے چچا اور ماموں شیر خان سولنگی، صابر سولنگی، بچو عرف بچل سولنگی اور دلبر سولنگی مبینہ پولیس کو ساتھ لے کر تعزیتی مقام پر پہنچے اور حملہ کرکے ان کی والدہ اور اہلیہ پر تشدد کیا، جبکہ ان کی بیوی صائمہ کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے لے گئے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ مذکورہ افراد نے انہیں اور انکی اہلیہ کو کارو کاری قرار دیکر قتل کی دھمکیاں بھی دیں۔پرویز جھیٹیال کے مطابق، بیوی کے اغوا کے بعد مذکورہ افراد نے فون کرکے انکے والدین سے انہیں حوالے کرنیکا مطالبہ کیا اور دھمکی دی اگر بیٹے کو حوالے نہ کیا تو وہ انکے گھر پر حملہ کرینگے ، جس میں دیگر افراد بھی مارے جا سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں