شہداد پور میں 65سالہ خاتون ڈکیتی کے دوران مزاحمت پرقتل
گاؤں شیر خان میں ملزم گھر میں داخل، طلائی بالیاں اتارنے پرحمیدہ کی مزاحمتشوہر کا 20روز قبل انتقال ہوا تھا، کندھکوٹ میں بہلکانی گینگ کا ڈاکو ماردیا گیا
شہدادپور، کندھکوٹ (نمائندگان)شہداد پور میں ڈکیتی مزاحمت پر 65سالہ خاتون قتل ہوگئی، جبکہ کندھکوٹ پولیس نے بہلکانی گینگ کا ڈاکو ماردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہداد پور کے نواحی گاؤں شیر خان لغاری میں چور رات گئے ایک گھر میں داخل ہوئے ، جہاں 65 سالہ بیوہ حمیدہ سولنگی اپنے اہل خانہ کے ساتھ سو رہی تھی، ملزمان نے مبینہ طور پر ان کے کانوں سے تقریباً دو تولے وزنی آٹھ سونے کی بالیاں اتار لیں اور مزاحمت پر گلا دبا کر ہلاک کر کے فرار ہوگئے ۔ جٹیا پولیس نے خاتون کی لاش تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے سمس اسپتال منتقل کردی۔ مقتولہ کے بیٹے یاسین سولنگی کے مطابق ان کے والد ہاشم سولنگی 20 روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے ، جس کے بعد والدہ گھر میں عدت میں تھیں۔ پولیس پوسٹ جٹیا کے انچارج وہاب بروہی کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ادھر کندھکوٹ میں تھانہ جمال کی حدود میں پولیس اور بہلکانی گینگ کے درمیاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بہلکانی گینگ کا سرغنہ منو عرف منظور بہلکانی ہلاک اور دو ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ، ہلاک ڈاکو پولیس مقابلوں ،تھانیدار بی سیکشن کے بیٹے اور پوتے کے دہرے قتل میں مطلوب تھا۔ پولیس نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستے مکمل طور سیل کردیے گئے ہیں، ہلاک ڈاکو کا شمار ضلع کشمور کے انتہائی مطلوب ڈکیتوں میں تھا، جس کی لاش پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔