روہڑی:سیف سٹی منصوبہ محرم سے قبل مکمل، 88کیمرے ہونگے

روہڑی:سیف سٹی منصوبہ محرم سے قبل مکمل، 88کیمرے ہونگے

منصوبہ آخری مراحل میں داخل، پولیس اسٹیشن میں جدید طرزکا مانیٹرنگ روم قائمشہریوں کو تحفظ، امن وامان بحال کرنے میں مدد ملے گی، فوکل پرسن وزیر بلدیات

روہڑی(نمائندہ دنیا)روہڑی شہر میں سیف سٹی منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہوگیا، جسے محرم سے قبل مکمل کیا جائے گا، منصوبے کے تحت شہر کے داخلی و خارجی راستوں اہم شاہراہوں،حساس مقامات،عوامی مراکز،بازاروں،کاروباری علاقوں اور گنجان آبادی والے مقامات پر جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ، جبکہ روہڑی پولیس اسٹیشن میں جدید طرز کا مرکزی مانیٹرنگ روم قائم کیا جارہا ہے جہاں سے شہر بھر کی سرگرمیوں پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جائے گی، اس سلسلے میں وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ کے فوکل پرسن عرفان علی دائود پوٹو نے کہا کہ یہ منصوبہ روہڑی شہر میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے سے جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جاسکے گی۔ مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی اور پولیس کو بروقت کارروائی میں مدد ملے گی جس سے چوری،ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے ، عرفان علی داؤدپوٹو نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ کونسل سکھر اور میونسپل کمیٹی روہڑی کے مشترکہ اشتراک سے منصوبے کے پہلے مرحلے میں روہڑی شہر کے مختلف اہم مقامات پر 88جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جنہیں مرکزی مانیٹرنگ روم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ شہر بھر کی نگرانی کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں