ضلع جنوبی میں کومبنگ و سرچ آپریشنز جاری ،4مشکوک افراد زیر حراست
کراچی (آئی این پی)ایس ایس پی ضلع جنوبی مہزور علی کی ہدایات پر ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ و سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ آج کا گرینڈ کومبنگ آپریشن تھانہ درخشاں کی حدود میں واقع مسلم کمرشل اور دیگر کمرشل علاقوں میں کیا گیا۔
آپریشن کی نگرانی ایس ڈی پی او درخشاں نے کی، جبکہ ایس ایچ اوز درخشاں اور ساحل تھانہ نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ فرائض انجام دیے ۔آپریشن کے دوران تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے پورے علاقے کا گھیراؤ کیا گیا، جس کے بعد ہوٹلوں، دکانوں، عارضی رہائش گاہوں اور رہائشی مکانات کی مکمل تلاشی لی گئی۔اس دوران 70 سے زائد افراد کو تلاشی ڈیوائس کے ذریعے چیک کیا گیا، جبکہ 4 مشتبہ افراد کو مشکوک حرکات پر دفعہ 54 کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت اور ویری فکیشن کا عمل جاری ہے ۔یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور ضلع میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے عمل میں لائی جا رہی ہیں۔