نئی جامعات اور کالجوں کا قیام ضروری ہے ،آفاق احمد

نئی جامعات اور کالجوں کا قیام ضروری ہے ،آفاق احمد

امتحانی نتائج متعصب پالیسی کے مطابق خراب کرنے پرشدید ردعمل آئیگاطلبہ ملک کا مستقبل،ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی،چیئرمین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث نئی یونیورسٹیوں اور کالجز کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ، اگر اس بار بھی انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج میرٹ کے بجائے متعصبانہ پالیسی کے تحت خراب کئے گئے تو شدید ردعمل سامنے آئے گا۔ آفاق احمد نے انٹرمیڈیٹ امتحانی مراکز پر طلبہ، طالبات اور ان کے والدین کو ٹھنڈا پانی، جوسز اور شدید گرمی میں ٹینٹ اور کرسیوں کی فراہمی پر مہاجر قومی موومنٹ کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ ہماری قوم اور پاکستان کا مستقبل ہیں، ان کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے تاہم گزشتہ 18 برس سے سندھ میں برسر اقتدار پیپلز پارٹی نے صوبے کے دیگر شہروں میں نئی جامعات اور کالجز تو قائم کئے لیکن کراچی کو مسلسل نظرانداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کی کمی پوری کرنے کے بجائے موجودہ یونیورسٹیوں اور کالجز کی محدود گنجائش کے مطابق طلبہ کو پاس کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے ، جو کراچی کے نوجوانوں کا تعلیمی قتل عام ہے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ مقتدر حلقوں کو اسی طرح سندھ حکومت کو مجبور کرنا ہوگا جس طرح دانش اسکولز اور خصوصی معاشی زون کراچی میں قائم کرانے کیلئے دباؤ ڈالا گیا تھا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں