شہر قائد میں دہشت گرد حملے میں شہید رینجرز اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا
کراچی :(دنیا نیوز) شہر قائد میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
بھارتی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار کے بزدلانہ دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے اہلِ خانہ اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کا مکمل حساب لیا جائے گا، دہشت گرد جہاں بھی ہوں، سکیورٹی فورسز ان کا تعاقب کرکے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک سے اس ناسور کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کو کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر جامِ شہادت نوش کیا، پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سندھ حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔