ایران امریکہ جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار، سفارتی محاذ بھی سر کر لیا: احسن اقبال
لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان نے اہم کردار ادا کرکے سفارتی محاذ بھی سرکرلیا۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر جنگ بندی نہ ہوتی تو دنیا بھر میں شدید معاشی بحران جنم لیتا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بہترین سفارتکاری کی بدولت جنگ بندی ممکن ہوئی، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو بھی بڑے بحران سے بچانے میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن ہی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، پاکستان نے پہلے دفاعی معرکہ جیتا اور اس کے بعد سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی، امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کا سہرا وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو جاتا ہے، وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کو مکمل اختیار دیا اور بھارت کو مؤثر جواب دیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان جنگ جاری رہتی تو تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوتا اور دنیا کے 193 ممالک اس کے معاشی اثرات سے متاثر ہوتے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دورانِ جنگ پاکستان نے فریقین کو اسلام آباد میں اکٹھا کیا اور آج عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتکاری کا چرچا ہو رہا ہے، اگر اب معاشی محاذ پر کامیابی حاصل نہ کی گئی تو دفاعی اور سفارتی کامیابیاں بھی ضائع ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے لیے سازگار ماحول ناگزیر ہے، پاکستانی قوم کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے کم ذہین نہیں، ماضی میں ملک کو دہشت گردی، توانائی بحران اور دیگر چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم چار سال کے دوران نئے منصوبے شروع کیے گئے اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر آپریشنز کیے گئے جس کے نتیجے میں ریاست کو یرغمال بنانے والے عناصر افغانستان فرار ہو گئے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان کو 2025 تک دنیا کی صفِ اول کی معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف تھا، تاہم 2018 میں آر ٹی ایس کے ذریعے انتخابی عمل متاثر ہونے سے ترقی کا سفر رک گیا۔